Ghalib | Iqbal | Faraz | Wasi | Saqi


ghalib | iqbal | faraz | wasi | saqi




پیڑ کو دیمک لگ جائے یا آدم زاد کو غم 

دونوں ہی کو امجدؔ ہم نے بچتے دیکھا کم 

تاریکی کے ہاتھ پہ بیعت کرنے والوں کا 

سُورج کی بس ایک کِرن سے گھُٹ جاتا ہے دَم 

رنگوں کو کلیوں میں جینا کون سکھاتا ہے! 

شبنم کیسے رُکنا سیکھی! تِتلی کیسے رَم! 

آنکھوں میں یہ پَلنے والے خواب نہ بجھنے پائیں 

دل کے چاند چراغ کی دیکھو، لَو نہ ہو مدّھم 

ہنس پڑتا ہے بہت زیادہ غم میں بھی انساں 

بہت خوشی سے بھی تو آنکھیں ہو جاتی ہیں نم!


سات سروں کا بہتا دریا تیرے نام
ہر سر میں اِک رنگ دھنک کا تیرے نام

جنگل جنگل اڑنے والے سب موسم
اور ہوا کا سبز دوپٹہ تیرے نام

ہجر کی شام اکیلی رات کے خالی در
صبحِ فراق کا درد اجالا تیرے نام

تیرے بنا جو عمر بتائی بیت گئی
اب اس عمر کا باقی حصہ تیرے نام

جتنے خواب خدا نے میرے نام لکھے
ان خوابوں کا ریشہ ریشہ تیرے نام


اقبال ! ترے دیس کا کیا حال سناﺅں



اقبال ! ترے دیس کا کیا حال سناﺅں

دہقان تو مر کھپ گیا اب کس کو جگاﺅں
ملتا ہے کہاں خوشہءگندم کہ جلاﺅں
شاہین کا ہے گنبدِ شاہی پہ بسیرا
کنجشک فرومایہ کو اب کس سے لڑاﺅں
اقبالؒ! تیرے دیس کا کیا حال سناﺅں

ہر داڑھی میں تنکا ہے، ہر اک آنکھ میں شہتیر
مومن کی نگاہوں سے بدلتی نہیں تقدیر
توحید کی تلوار سے خالی ہیں نیامیں
اب ذوقِ یقیں سے کٹتی نہیں کوئی زنجیر
اقبالؒ! تیرے دیس کا کیا حال سناﺅں

شاہیں کا جہاں آج کرگس کا جہاں ہے
ملتی ہوئی مُلّا سے مجاہد کی اذاں ہے
مانا کہ ستاروں سے بھی آگے ہیں جہاں اور
شاہیں میں مگر طاقتِ پرواز کہاں ہے
اقبالؒ! تیرے دیس کا کیا حال سناﺅں

مر مر کی سلوں سے کوئی بیزار نہیں ہے
رہنے کو حرم میں کوئی تیار نہیں ہے
کہنے کو ہر اک شخص مسلمان ہے، لیکن
دیکھو تو کہیں نام کو کردار نہیں ہے
اقبالؒ! تیرے دیس کا کیا حال سناﺅں

بیباکی و حق گوئی سے گھبراتا ہے مومن
مکاری و روباہی پہ اتراتا ہے مومن
جس رزق سے پرواز میں کوتاہی کا ڈر ہو
وہ رزق بڑے شوق سے اب کھاتا ہے مومن
اقبالؒ! تیرے دیس کا کیا حال سناﺅں

پیدا کبھی ہوتی تھی سحر جس کی اذاں سے
اس بندہ مومن کو میں اب لاﺅں کہاں سے
!وہ سجدہ زمیں جس سے لرز جاتی تھی یارو
اک بار تھا ہم چھٹ گئے اس بارِ گراں سے
اقبالؒ! تیرے دیس کا کیا حال سناﺅں

جھگڑے ہیں یہاں صوبوں کے ذاتوں کے نسب کے
اگتے ہیں تہِ سایہ گل خار غضب کے
یہ دیس ہے سب کا مگر اس کا نہیں کوئی
اس کے تنِ خستہ پہ تو اب دانت ہیں سب کے
اقبالؒ! تیرے دیس کا کیا حال سناﺅں

محمودوں کی صف آج ایازوں سے پرے ہے
جمہور سے سلطانی جمہور ڈرے ہے
تھامے ہوئے دامن ہے یہاں پر جو خودی کا
مر مر کے جئے ہے کبھی جی، جی کے مرے ہے
اقبالؒ! تیرے دیس کا کیا حال سناﺅں

دیکھو تو ذرا محلوں کے پردوں کو اٹھا کر
شمشیر و سناں رکھی ہے طاقوں پہ سجا کر
آتے ہیں نظر مسند شاہی پہ رنگیلے
تقدیرِ امم سو گئی طاﺅس پہ آ کر
اقبالؒ! تیرے دیس کا کیا حال سناﺅں

مکاری و عیاری و غداری و ہیجان
اب بنتا ہے ان چار عناصر سے مسلمان
قاری اسے کہنا تو بڑی بات ہے یارو!
اس نے تو کبھی کھول کے دیکھا نہیں قرآن
اقبالؒ! تیرے دیس کا کیا حال سناﺅں

کردار کا گفتار کا اعمال کا مومن
قائل نہیں ایسے کسی جنجال کا مومن
سرحد کا ہے مومن کوئی بنگال کا مومن
ڈھونڈے سے بھی ملتا نہیں قرآن کا مومن
اقبالؒ! تیرے دیس کا کیا حال سناﺅں


جب سے دیکھا ھے ان کی آنکھوں کو 
مین خدا کے کمال میں ____ گم ہوں

کوئی جسکی نہیں _____ نظیر کہیں
جلوہء بے مثال میں _______ گم ہوں

یہ نہیں ہے شراب کا ________ نشّہ
میکدے کے خیال میں گم _____ ہوں

حسن ھے تجھ میں یا کہ تجھ سے ھے
میں اسی اک سوال میں گم ____ ہوں

ایک لمحہ جو تیرے قرب کا _____ تھا 
اسی لمحہء وصال میں گم ____ ہوں
آج تھوڑا سا غم سنا ڈالا
میں نے بت کا بھی سر ہلا ڈالا

رات آنکھوں سے کیوں شکایت کی

شدتِ درد نے رُلا ڈالا

خاک ہوتے ، دھواں نہیں ہوتے
اُس نے محفل سے کیوں اٹھا ڈالا

تھا نہ میرے وجود کا قصّہ
میرے دامن میں آ کے لا ڈالا

بھول جانے کا سلسلہ تم نے
یاد رکھا یا پھر بھلا ڈالا

داستاں بن کے آ گیا لب تک
جیبِ دل میں جو حرف تھا ڈالا

جان کھاتا تھا تیرے ملنے کو
آخر اس دل کو غم نے کھا ڈالا

میں نے رات سے پوچھا
میرے گھر سے چوری ہوجانے والا خواب
تمہارے پاس تو نہیں؟
میرے ہمسائے کے بچوں کے خواب
گھروں میں بیٹھی جوان لڑکیوں کے خواب
شہر سے ہجرت کر جانے والے سارے خواب
تمہارے پاس تو نہیں؟

رات میری آنکھوں میں جھانک کر بولی
اتنے سارے خواب کا چوری ہوجانا
اور شور نہ مچنا
اتنے سارے خوابوں کا قتل ہوجانا
اور سراغ نہ ملنا
اتنی ساری لاشوں کا دریا میں بہا دیا جانا
اور پانی کا رنگ نہ بدلنا
کیسے ممکن ہے
تمہاری مرضی کے بغیر
تمہارے شرکت کے بغیر"
پھر وہ گود میں اٹھایا ہوا چاند
میری طرف بڑھا کر بولی
"اس کے سر پر ہاتھ رکھو
اور قسم کھاؤ اپنی بے گناہی کی اپنی معصومیت کی"
اور میں اس کا منہ تکتا رہ گیا !